سمندر پار پاکستانیوں کیلئے خوشخبری،وزیر اعظم شہباز شریف نےبونا-راست منصوبے کا آغاز کیا
اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ایک نیا اور اہم قدم اٹھایا ہے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں بونا-راست (Buna-Raast) کنیکٹیوٹی منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت پاکستان کا ڈیجیٹل ادائیگی نظام راست، عرب مانیٹری فنڈ کے تحت قائم بونا نظام سے جڑ جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ویژن کے تحت، اس منصوبے سے سمندر پار پاکستانیوں کو رقوم کی ترسیل کے لیے تیز، مؤثر اور کم لاگت کا نظام فراہم کیا جائے گا۔
راست کو بونا سے جوڑنے سے عرب ممالک میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو اپنے پیاروں کو جلدی اور سستا پیسہ بھیجنے کی سہولت حاصل ہوگی۔
اوورسیز انوسٹرز چیمبر نے 10 سال میں 22 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی
یہ منصوبہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے رقوم کی منتقلی کو آسان بنائے گا اور ترسیلات زر میں بھی اضافہ کرے گا۔
بونا-راست کنیکٹیوٹی کے تحت عرب ممالک میں مقیم پاکستانی ڈیجیٹل طریقے سے رقوم منتقل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ یہ قدم عرب دنیا کے ساتھ ہمارے تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
انہوں نے اس اقدام کا مقصد عرب ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو جلد اور آسانی سے رقوم وطن بھیجنے کی سہولت فراہم کرنا قرار دیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ پاکستان کا پہلا کراس بارڈر فوری ادائیگی کا نظام ہے جو ترسیلات زر کو سستا اور زیادہ قابل رسائی بنائے گا۔
اقتصادی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے، وزیراعظم نے بتایا کہ وہ جلد پانچ سالہ گھریلو اقتصادی پروگرام کا اعلان کریں گے، جس پر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام معیشت، زراعت، اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں کی بہتری کے لیے اقدامات فراہم کرے گا۔