اسلام آباد(شاہد میتلا)مولانا فضل الرحمن اور حکومت کے درمیان ڈیڈلاک، نواز شریف کو گھر آنے سے منع کردیا۔تفصیلات کے مطابق حکومت مجوزہ آئینی ترمیم کے لئے مولانا فضل الرحمن کو اب تک منانے میں ناکام رہی ہے۔جے یو آئی ایف کے ذرائع کےمطابق حکومت نے مجوزہ آئینی ترمیم کا مسودہ نہیں دیا ہے۔جمعیت علماء اسلام نے اپنے تنظیمی اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ جب تک حکومت قانون سازی کا مسودہ شیئر نہیں کرینگے تب تک حمایت نہیں کی جائے گی۔جے یو آئی ایف کے اہم رہنماء کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کے تنظیمی اجلاس کے دوران اسحاق ڈاراور اعظم نذیر تارڑ مولانا فضل الرحمن سے ملنے آئے تھے۔ان کو ہم نے تجویز دی کہ اہم قانون سازی ہے اس کو ایک دو دن کے لئے موخر کردیں اور ہمیں مسودہ بھی دیں۔جس پہ ان کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کو موخر نہیں کرسکتے،اس کو آج ہی پاس کروانا چاہتے ہیں۔مسودہ بھی شئیر نہیں کرسکتے کیونکہ وقت کم ہے۔جس پر مولانا فضل الرحمن نے حمایت سے انکار کردیا ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نواز شریف کیساتھ سات بجے ملاقات کا وقت طے تھا،وہ مولانا فضل الرحمن سے ملنے آنا چاہتے تھے لیکن ان کو آنے سے منع کردیا گیا کہ ابھی پارٹی کا اجلاس چل رہا ہے۔اجلاس کے بعد دوبارہ ملاقات کا وقت دیا جائیگا۔