راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹیں گنوا کر 158 رنز بنا لیے۔پہلی اننگز میں 16 رنز پر 3 وکٹیں کھونے کے بعد پاکستانی ٹیم نے بنگلادیش کے خلاف کھیل میں واپسی کی۔ صائم ایوب اور سعود شکیل نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی اوپنرز بنگلادیشی گیندبازوں کے سامنے مشکلات کا سامنا کرتے نظر آئے، اوپنر عبداللہ شفیق 2، کپتان شان مسعود 6، اور بابراعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
تین وکٹیں جلد کھونے کے بعد اوپنر صائم ایوب اور نائب کپتان سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چائے کے وقفے تک ٹیم کا اسکور 81 رنز تک پہنچا دیا۔
تجربہ کار بلے باز بابراعظم ہوم گراؤنڈ میں پہلی بار صفر پر آؤٹ ہوئے۔ 114 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 56 رنز بنا کر پویلین واپس آئے۔
دن کے اختتام پر پاکستان نے 41 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے، سعود شکیل 57 اور محمد رضوان 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ کھیل کل صبح 10 بجے دوبارہ شروع ہوگا۔
اس سے قبل بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ اوور کاسٹ کنڈیشنز کا فائدہ اٹھا کر گرین شرٹس کی جلد وکٹیں حاصل کریں۔
کپتان شان مسعود نے کہا کہ اگر ٹاس جیتتے تو فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے، مگر اب کوشش ہوگی کہ بڑا اسکور بنا کر بنگال ٹائیگرز کے گیندبازوں پر دباؤ ڈالیں۔
پاک بنگلہ دیش کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بارش کے باعث آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے ساڑھے پانچ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا اور 41 اوورز کا کھیل ایک گھنٹے پندرہ منٹ تک وقت بڑھا کر مکمل کیا گیا۔