کراچی۔جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر مورنے مورکل کو بھارتی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔
بھارتی خبر ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے بدھ کے روز مورنے مورکل کی بھارتی ٹیم میں بولنگ کوچ کے طور پر تعیناتی کی تصدیق کی ہے۔
مورکل کی تقرری کے بعد بھارت کی کوچنگ ٹیم مکمل ہو گئی ہے، جس کی قیادت گوتم گمبھیر کر رہے ہیں۔ اس ٹیم میں اسسٹنٹ کوچ ابھیشیک نیئر، ریان ٹین ڈوشیٹ اور فیلڈنگ کوچ ٹی دلیپ بھی شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے جون 2023 میں مورنے مورکل کو چھ ماہ کے معاہدے پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا تھا، تاہم مورکل نے 13 نومبر 2023 کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
مورنے مورکل نے اپنے گیارہ سالہ بین الاقوامی کیریئر میں 86 ٹیسٹ میچوں میں 309 وکٹیں، 117 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 188 وکٹیں، اور 44 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 47 وکٹیں حاصل کی ہیں۔