اشک آباد۔ترکمانستان ایئرلائنز نے دارالحکومت اشک آباد سے ماسکو کے لیے 30 دسمبر 2024 سے 31 جنوری 2025 تک تمام معمول کی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق، ترکمانستان ایئرلائنز نے بیان میں کہا کہ اس عرصے کے دوران خریدے گئے ٹکٹ کی مکمل رقم بغیر کسی کٹوتی کے مسافروں کو واپس کی جائے گی۔ تاہم، پروازوں کی معطلی کی وجہ واضح نہیں کی گئی۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے اگست 2023 میں بھی ترکمانستان ایئرلائنز نے ماسکو کے لیے پروازیں معطل کی تھیں۔
اگست 2023 میں پروازیں معطل کرنے کی وجہ فضائی حدود میں سیفٹی کے خدشات بتائی گئی تھی، جب روسی وزارت دفاع نے اطلاع دی تھی کہ ماسکو کے علاقے پر یوکرین کی جانب سے ڈرون حملہ کیا گیا تھا۔
ترکمانستان ایئرلائنز کی پروازیں معطل ہونے کے باوجود روس کے لیے ایس7 ایئرلائنز کی پروازیں جاری رہیں گی۔
یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب دو دن قبل قازقستان کے علاقے اکاتو میں آذربائیجان کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 32 افراد جاں بحق ہوگئے۔ اس حادثے کے بعد آذربائیجان کی ایئرلائنز نے بھی روس کے کئی شہروں کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
اسی طرح، قازقستان کی قازق ایئر نے بھی سلامتی کے خدشات کے باعث آستانہ سے یکاترینبرگ کے لیے پروازیں 28 دسمبر 2024 سے 27 جنوری 2025 تک معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔