لاس اینجلس ۔سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی ہوشربا کمائی اکثر لوگوں کے لیے حیران کن ہوتی ہے، لیکن 30 لاکھ ماہانہ کمانے والی اس ماڈل کی حقیقت جان کر آپ مزید دنگ رہ جائیں گے۔
کیا آپ گلابی بالوں والی اس 25 سالہ حسینہ سے واقف ہیں جس کے انسٹاگرام پر 3 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں اور اس کی ماہانہ کمائی 10 ہزار یورو سے زیادہ یعنی پاکستانی روپوں میں تقریباً 30 لاکھ روپے کے برابر ہے؟
دیگر سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے درمیان اپنی ایک الگ پہچان بنانے والی اس ماڈل کی حقیقت بہت کم لوگ جانتے ہیں۔ دراصل، یہ حسینہ کوئی حقیقی شخص نہیں ہے بلکہ ایک انتہائی مہارت سے تیار کی گئی ورچوئل ماڈل ہے۔
اس اے آئی ماڈل کا نام ’’ایٹانا‘‘ ہے، جسے ’دی کلیو لیس‘ ایجنسی کے بانی روبن کروز نے تخلیق کیا۔ یہ اے آئی ماڈل نہ صرف حقیقت سے قریب تر نظر آتی ہے بلکہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی دنیا میں نئے ٹرینڈز بھی سیٹ کر رہی ہے۔
روبن کروز کا کہنا ہے کہ حقیقی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی جانب سے مصنوعات کی مؤثر تشہیر میں ناکامی اور ان کے نخروں کی وجہ سے ان کے ذہن میں اے آئی ماڈل بنانے کا خیال آیا تھا۔
حقیقی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے برعکس، چونکہ ایٹانا ایک اے آئی ماڈل ہے، اس لیے اس کی روزمرہ زندگی کو ڈیزائنرز اور اے آئی ایکسپرٹس پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دیتی ہے، جو فوٹوشاپ اور دیگر ٹولز کی مدد سے ایٹانا کی روزمرہ سرگرمیوں پر مبنی تصاویر اور ویڈیوز تخلیق کرتی ہے۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ اب تک بہت سے لوگ ایٹانا کی حقیقت سے بے خبر ہیں اور کئی مشہور شخصیات نے اسے نجی پیغامات بھی بھیجے ہیں۔