سیول۔جنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ پر ایک مسافر طیارے کو لینڈنگ کے دوران حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 179 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، حادثہ طیارے کے لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث پیش آیا۔ طیارہ رن وے سے باہر نکل کر اطراف میں لگی باڑ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں آگ لگ گئی۔ یہ حادثہ موان ایئرپورٹ پر پیش آیا، جو جنوبی کوریا کا ایک مصروف اور اہم ہوائی اڈہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق، حادثے کا شکار طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس آرہا تھا، جس میں 175 مسافر اور 6 ارکان عملہ سوار تھے۔ حادثے کے بعد دو افراد کو زندہ نکال لیا گیا، اور ایمرجنسی عملے نے فوری طور پر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ایوی ایشن حکام اور ماہرین نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی رپورٹ میں لینڈنگ گیئر کی خرابی کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا اور ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کو سراہا۔ حکام نے ایئرلائنز کو حفاظتی معیارات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ حادثے کی تحقیقات مکمل ہونے پر مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی اور مسافروں کی فہرست اور ان کے اہل خانہ کو اطلاع دینے کا عمل جاری ہے۔