تل ابیب میں ایک سینئر اسرائیلی فوجی اہلکار نے بتایا ہے کہ غزہ میں حالیہ فضائی حملے میں حماس کے رہنما یحییٰ السنوار کی ہلاکت کا قوی امکان ہے، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق، اعلیٰ فوجی حکام نے اس بات کی جانچ پڑتال کا آغاز کیا ہے کہ آیا غزہ کے جبالیہ علاقے میں ایک عمارت پر بمباری کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے تین کمانڈروں میں سے ایک یحییٰ السنوار ہو سکتے ہیں۔ سینیئر فوجی عہدیداروں نے مزید کہا کہ جس عمارت میں حماس کے یہ اہم کمانڈرز ہلاک ہوئے، وہاں سے کوئی اسرائیلی یرغمالی نہیں ملا۔
ایک ماہ قبل، اسرائیلی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ یحییٰ السنوار شہید ہو گئے ہیں اور اس کی تصدیق کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ تاہم، بعد میں یہ معلومات غلط ثابت ہوئیں، اور اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ وہ غزہ میں کسی سرنگ میں چھپے ہوئے ہیں اور تنظیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، اسرائیلی وزیر دفاع کی ایک مبہم ٹوئٹ نے بھی یحییٰ السنوار کی ممکنہ ہلاکت کی خبروں کو مزید تقویت دی ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ہر دشمن تک پہنچیں گے اور انہیں ختم کر دیں گے۔