سری لنکا کے نئے مارکسسٹ صدر، انورا کمارا ڈسانائیکے کی قیادت میں نیشنل پیپلز پاور پارٹی (این پی پی) نے پارلیمانی انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کی، دو تہائی اکثریت کے ساتھ 225 میں سے 159 نشستیں جیت لیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق، الیکشن کمیشن نے اعلان کیا کہ یہ فتح عوام کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لیے ان کی جماعت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔
انتخابات میں اپوزیشن لیڈر سجیتھ پریماداسا کی یونائیٹڈ پیپلز پاور پارٹی (ساماگی جانا بالاویگایا) نے 40 نشستیں جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔
این پی پی کی کامیابی نے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کو اصلاحاتی ایجنڈا نافذ کرنے کا نادر موقع فراہم کیا ہے۔ انتخابی مہم کے دوران ان کی جماعت نے دیگر سیاسی جماعتوں پر انحصار کیے بغیر نیا آئین متعارف کرانے کا وعدہ کیا تھا۔
یہ انتخابات ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب سری لنکا بدترین معاشی بحران کے بعد بحالی کے سفر پر ہے۔ 2022 میں دیوالیہ ہونے والے ملک کو نئی قیادت سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔