اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سہ ماہی اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے، ساتھ ہی جولائی کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ میں 37 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری بھی دے دی ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں ایک روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافہ منظور کر لیا گیا ہے، جسے وفاقی حکومت کو بھیج دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے بلوں میں وصول کی جائے گی، جبکہ 24-2023 کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق اگست کے بلوں پر 0.93 روپے فی یونٹ ہوگا۔ نیپرا نے ستمبر کے بلوں میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 0.82 روپے فی یونٹ اضافے کی بھی تصدیق کی ہے۔
سندھ میں بجلی کی پیداوار 3837 میگا واٹ تک پہنچ گئی
مزید برآں، نیپرا نے جولائی کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ میں 37 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری بھی دے دی ہے، جس کے تحت ستمبر کے بلوں میں یہ کمی دی جائے گی۔ اس کے لیے درخواست کی سماعت 28 اگست 2024 کو کی گئی تھی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ جون کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ اضافے کے ساتھ اگست کے بلوں میں وصول کی گئی تھی۔ اس طرح ستمبر کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے 93 پیسے کی کمی ہوگی۔ دونوں ایڈجسٹمنٹس ملا کر صارفین کو ستمبر کے بلوں میں 2 روپے 11 پیسے فی یونٹ کا مجموعی ریلیف ملے گا۔