اسلام آباد۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کی بدولت ملکی معیشت میں استحکام آ رہا ہے، اور عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) بھی اس بات پر حیران تھا کہ پاکستانی معیشت 14 ماہ میں کس طرح سنبھل گئی۔
اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے اور مہنگائی میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر سات فیصد تک آ گئی ہے، جبکہ پالیسی ریٹ میں بھی کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں معیشت کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے اور آئی ایم ایف وفد سے کوئی بھی بات چھپائی نہیں گئی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ معیشت کی بہتری کے لیے مقررہ اہداف پر پہنچنے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ آئی ایم ایف نے بھی یہ تسلیم کیا کہ 14 ماہ میں خسارے کو سرپلس میں تبدیل کرنا ایک خوش آئند بات ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے معیشت کی بہتری کے لیے تعاون کا یقین دلایا ہے اور اس عمل میں ہر شعبے نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ وزیراعظم جلد ایک جامع معاشی منصوبہ (معاشی میپ) پیش کریں گے، جس کے تحت ٹیکس نیٹ میں اضافے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ اس کے منفی اثرات پر قابو پایا جا سکے۔