پشاور۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اپنے کارکنان کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو رکن اسمبلی یا پارٹی عہدیدار 24 نومبر کو احتجاج کے دوران غائب رہے گا، اس کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کا ایک اجلاس ہوا، جس میں جنوبی اضلاع کے ارکان اسمبلی اور عہدیداروں نے شرکت کی، اور اس اجلاس میں بشریٰ بی بی نے بھی خطاب کیا۔
اپنے بیان میں بشریٰ بی بی نے کہا کہ عمران خان کا پیغام یہ ہے کہ 24 نومبر کو آئین، قانون اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے سڑکوں پر نکلنا ہے۔
بشریٰ بی بی نے مزید کہا کہ ہر رکن صوبائی اسمبلی اور رکن قومی اسمبلی کو چاہیے کہ وہ قافلے کی صورت میں پشاور سے روانہ ہو کر اسلام آباد پہنچنے کی ویڈیوز بنائیں۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ کارکنوں کے ساتھ گاڑیوں میں سفر کرنے والے ارکان کی ویڈیوز بھی بنائی جائیں تاکہ تحریک کے جذبے کو مزید اجاگر کیا جا سکے۔
آخر میں بشریٰ بی بی نے پارٹی عہدیداروں کو واضح پیغام دیا کہ 24 نومبر کو جو رکن اسمبلی یا عہدیدار غائب ہوگا، اس کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں رکھا جائے گا۔