نیروبی — پیرس اولمپکس میں شریک یوگنڈا کی ایک ایتھلیٹ، جو کینیا میں رہائش پذیر ہے، کو مبینہ طور پر اس کے بوائے فرینڈ نے آگ لگا دی۔ کینیا پولیس کے مطابق، یوگنڈا کی ایتھلیٹ کو اس کے بوائے فرینڈ نے آگ لگائی جس کے نتیجے میں اس کے جسم کا 75 فیصد حصہ جھلس گیا ہے۔ پیرس اولمپکس 2024 میں میراتھن ریس میں 44 واں نمبر حاصل کرنے والی رنر ربیکا چیپٹگی پر ٹرانس نزویا کاؤنٹی میں ان کے گھر پر حملہ کیا گیا تھا۔ ٹرانس نزویا کے پولیس کمانڈر جیرمیا اولے کوسیوم نے بتایا کہ چیپٹگی کے بوائے فرینڈ ڈکسن اینڈیما نے جھگڑے کے بعد پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ اینڈیما کو بھی آگ لگنے کی وجہ سے چوٹیں آئی ہیں، اور دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ربیکا چیپٹگی کے والدین کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی نے حال ہی میں ٹرانس نزویا کاؤنٹی میں ایتھلیٹس کے مراکز کے قریب زمین خریدی ہے۔ دوسری جانب درج رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آگ لگانے کے واقعے سے قبل جوڑے کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی تھی۔