کراچی۔ قومی کھیل ہاکی سے متعلق ذمہ داریوں کا سامنا کرنے والے پی ایچ ایف کے صدر اور سیکرٹری نے اب تک ایک کروڑ روپے کے قریب ڈیلی الاؤنس وصول کرلیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی اور سیکرٹری رانا مجاہد علی اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے ملائیشیا اور نیشنز کپ کے دوران قومی ٹیم کے ساتھ پولینڈ میں موجود تھے۔ سفر کرنے سے ایک دن قبل ہوٹل میں قیام اور واپسی کے دن کو ملا کر دونوں نے مجموعی طور پر 35 دن کا ڈیلی الاؤنس وصول کیا۔ یہ رقم پاکستانی روپے میں 92 لاکھ 69 ہزار روپے سے زائد بنتی ہے۔ پی ایچ ایف کے ضابطے کے مطابق بیرون ملک دوروں میں صدر کو 500 ڈالر اور سیکرٹری کو 450 ڈالر روزانہ کے الاؤنس کا حق ہے۔ پی ایچ ایف حکام کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی ڈیلی الاؤنس وصول کرنے کا یہ عمل جاری رہا ہے اور ہم کوئی غلط کام نہیں کر رہے، سب کچھ قواعد کے مطابق ہی ہورہا ہے۔