خیبر: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے وادی تیرا میں 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کی وادی تیرا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر 20 اگست سے آپریشن شروع کیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ 28 اور 29 اگست کو سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 12 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔بیان میں کہا گیا کہ اس کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں اور ان کی حامی تنظیموں کو بڑا دھچکا لگا ہے، اور اب تک 37 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے جبکہ 14 دہشت گرد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں علاقے میں امن کی بحالی اور دہشت گردوں کے خاتمے تک جاری رہیں گی، اور پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔