نایاب جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیرقانونی کاروبار اور اسمگلنگ کے خلاف پنجاب حکومت کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔
محکمہ جنگلی حیات نے تونسہ کے علاقے میں کارروائی کے دوران نایاب نسل کا عقاب برآمد کیا، جس کی عالمی مارکیٹ میں قیمت 10 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
پنجاب وائلڈلائف حکام کے مطابق خفیہ اطلاع پر محکمہ تحفظ جنگلی حیات اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے یہ نایاب عقاب برآمد کیا ہے، اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم بیرون ملک نایاب پرندوں کی اسمگلنگ کے دھندے میں ملوث ہے۔
وائلڈلائف حکام نے بتایا کہ برآمد کیا گیا عقاب جسمانی طور پر صحت مند ہے اور مارکیٹ میں اس کی قیمت 36 ہزار ڈالر سے زائد ہے۔ اس عقاب کو ٹریکر کے ساتھ دوبارہ آزاد کیا جائے گا۔
پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پرندے ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک متعدد نایاب جنگلی جانور اور پرندے برآمد کرکے چڑیا گھر منتقل کیے جا چکے ہیں، اور کئی جانوروں اور پرندوں کا علاج کر کے ان کی جان بچائی گئی ہے۔