پاکستان پیپلز پارٹی نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی سربراہی کا مطالبہ کیا ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو خط لکھ کر پی اے سی اراکین کی ریکوزیشن پر اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق، پی اے سی کے گیارہ اراکین نے ریکوزیشن جمع کروا رکھی ہے۔ اگر اسپیکر اجلاس نہ بلائیں تو پیپلز پارٹی نے خود اجلاس بلانے کا عندیہ دیا ہے۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے خط میں تجویز دی ہے کہ مستقل چیئرمین کے انتخاب تک کمیٹی اراکین الیکشن کے ذریعے اپنا چیئرمین منتخب کریں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے پی اے سی کی سربراہی کے لیے تحریک انصاف سے دوبارہ ناموں کا پینل طلب کیا ہے۔ سابق اسپیکر اسد قیصر نے اس معاملے پر اسپیکر ایاز صادق سے ملاقات بھی کی ہے۔ تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم کو چیئرمین بنانے پر اصرار کر رہی ہے۔
دوسری جانب، مسلم لیگ (ن) نے پی اے سی کی سربراہی کے لیے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اشارہ دیا ہے۔ مارچ میں حکومت کے قیام کے بعد سے پارلیمنٹ کی اس اہم کمیٹی کا چیئرمین تاحال منتخب نہیں ہو سکا ہے۔