راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بانی تحریک انصاف کی مدد کرنے کے الزام میں اڈیالہ جیل کے نائب سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اور اسسٹنٹ بلال کو گرفتار کر کے ایک خفیہ مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے نائب سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کو اختیارات کے غلط استعمال کے باعث، ہائی پروفائل قیدی کی مدد کرنے کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔
نائب سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم پر اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کا الزام ہے، اور انہیں اختیارات کے غلط استعمال کے باعث تحویل میں لیا گیا ہے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نائب سپرنٹنڈنٹ کی تفتیش کر رہی ہیں، اور ان پر بانی پی ٹی آئی کے پیغام رسانی میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔
مزید برآں، سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، نائب سپرنٹنڈنٹ کی تفتیش کے بعد اسسٹنٹ بلال کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، جنہیں ایک خفیہ مقام پر منتقل کر کے تفتیش جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے اس کارروائی کے بارے میں آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو مطلع کر دیا ہے، اور تحقیقات کے بعد نائب سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
ان دونوں ملزمان پر اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کو جیل کے قواعد و ضوابط نظرانداز کرتے ہوئے ملاقاتوں اور دیگر معاملات میں غیر معمولی سہولتیں فراہم کرنے کا الزام ہے۔
اس کے علاوہ، عمران خان کی طرف سے ایک رسالے میں لکھا گیا مضمون بھی زیرِ تحقیق ہے کہ یہ مضمون جیل کے باہر سے کیسے گیا۔