راولپنڈی: بھارتی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل ایس موہن نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانی فوجیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پاکستانی امن دستے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ہدایت پر سوڈان میں امن و سکون کی بحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
پاک فوج کے امن دستوں نے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کٹھن چیلنجز کا سامنا کیا اور یہ ان کی پہلی ترجیح رہی۔ فوجی اہلکاروں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے بے گھر ہونے والے ڈھائی لاکھ سے زیادہ سوڈانیوں کی دن رات مدد کی۔ جنوبی سوڈان میں فورس کمانڈر، بھارت کے لیفٹیننٹ جنرل ایس موہن نے پاکستانی امن دستے کی پیشہ ورانہ صلاحیت کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، NI (M) HI (M) کو ایک خط بھیجا۔
اس خط میں بھارتی جنرل نے پاکستانی امن فوجیوں کی مہارت، لگن اور مستقل عزم کی تعریف کی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے بریگیڈیئر شفقت اقبال کے بطور سیکٹر کمانڈر اور لیفٹیننٹ کرنل شہباز اسلم کے بطور کمانڈنگ آفیسر کے کردار کی خصوصی طور پر ستائش کی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورس کمانڈر کی شناخت عالمی امن کی کوششوں میں پاکستانی فوج کی قابلیت اور شراکت داری کا ثبوت ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں فعال تعاون کے ذریعے عالمی امن اور سلامتی کے اصولوں کو عملی شکل دینے کے لیے ایک ذمہ دار رکن کی حیثیت سے اہم کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔