اسلام آباد ۔وزیراطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمان کی بالادستی کے لئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے، سپیکر ایاز صادق نے ہمیشہ سپیکر کی کرسی کے ساتھ انصاف کیا، پارلیمان میں موجود تمام جماعتوں کے ساتھ ان کا رویہ ہمیشہ اچھا رہا ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے ہمیشہ بہترین انداز میں امور انجام دیئے، سپیکر ایاز صادق کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ کسی رکن کی حق تلفی نہ ہو،
سیاسی جماعتوں نے ہمیشہ سپیکر قومی اسمبلی کے فیصلوں کی تائید کی ہے، سپیکر قومی اسمبلی کا الیکشن کمیشن کو خط سنگ میل ہے
عطا تارڑ نے کہا کہ آئین میں پارلیمنٹ کو قانون سازی کا اختیار دیا گیا ہے،یہ اختیار کسی دوسرے ادارے کے پاس نہیں، پارلیمنٹ بالادست ادارہ ہے، سپریم کورٹ کی آرٹیکل 63 اے کی تشریح آئین دوبارہ لکھنے کے مترادف ہے۔
کسی پارٹی میں شامل ہونے والا رکن دوبارہ کسی اور جماعت میں کیسے شامل ہو سکتا ہے؟ مخصوص نشستوں سے متعلق عدالتی فیصلے نے بہت سے سوالوں کو جنم دیا ہے،سپیکر نے آج جو قدم اٹھایا اس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، کسی ادارے کو حق حاصل نہیں کہ وہ آئین کی اپنی مرضی سے تشریح کرے اور پارلیمان کو کمزور کرنے کی کوشش کرے۔انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون عوام کے منتخب نمائندوں کا حق ہے، پارلیمان کی بالادستی کے لئے ہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔