واشنگٹن۔کانگریس خاتون رکن سوزن وائلڈ نے کہا ہے کہ 14 اگست کو پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر امریکہ اور دنیا بھر کے رہنماؤں کے ہمراہ پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرنا میرے لئے باعث اعزاز ہے۔
میرا نام سوزن وائلڈ ہے۔ میں کانگریس میں پنسلوانیا کی گریٹر لیہہ ویلی کی اپنی کمیونٹی کی نمائندگی کرتی ہوں۔ ہماری کمیونٹی آج جس مقام پر ہے اس میں پاکستانی امریکیوں کی کئی نسلوں کا انمٹ تعاون و خدمات شامل ہیں جنہوں نے پنسلوانیا کو اپنا گھر کہا ۔
چھوٹے کاروباروں اور مقامی صنعتوں کو بااختیار بنانے سے لے کر ہمارے اسکولوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیمی خدمات سرانجام دینے ، ملک کا دفاع کرنے، شہری زندگی کو بہتر بنانے، صحت کے مراکز کی دیکھ بھال اور ان کو وسائل فراہم کرنے ، ہمارے شاندار مینوفیکچرنگ سیکٹر میں خدمات سرانجام دینے جیسے تمام شعبہ جات میں پاکستانی امریکی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
میری کمیونٹی کی کہانی امریکہ کے کونے کونے میں پاکستانی امریکیوں کی کہانی ہے۔ وہ اقدار جو پاکستانی کمیونٹی کی خاصہ ہیں دراصل وہی یوم آزادی پاکستان کی جان ہیں۔
جمہوریت؛ تکثیریت؛ انسانی حقوق؛ یہ وہ اقدار ہیں جو ہمارے بنیادی حقوق کے تحفظ، ہماری جمہوریت کو مضبوط بنانے اور آزاد و منصفانہ قوم کی تعمیر میں ہماری مشعل راہ ہیں ۔
مجھے کوئی شک نہیں کہ انہی مشترکہ اقدار کے زیر اثر پاکستانی عوام دنیا بھر میں مثبت بہتری لانے کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان طویل اور سود مند تعلقات کی خواہاں ہوں ۔ میری طرف سے آپ سب کو محفوظ اور پرامن یوم آزادی مبارک