اسلام آباد، 18 نومبر: کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے سوئٹزرلینڈ کے گُن وَر گروپ(Gunvor Group ) کی ذیلی کمپنی میسرز ایکواشور ایس اے ، کو ٹوٹل پارکو پاکستان لمیٹڈ کی 50 فیصد شیئرز ہولڈنگ ایکوائر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ دونوں کمپنیوں کے مابین شئیرز سیلز، پرچیز ایگریمنٹ کے مطابق ، ٹوٹل پارکو کی ملکیتی کمپنی، ٹوٹل انرجیز مارکیٹنگ لمیٹڈ کے پچاس فیصد شئیرز ، ایکواشور ایس اے کو مُنتقل ہو جائیں گے۔
گزشتہ ایک سال میں پٹرولیم سیکٹر میں ہونے والی تیسری بڑی ٹرانزیکشن ہے۔ اس سال کے شروع میں، سعودی آرامکو نے آئل مارکیٹنگ کمپنی، گو پیٹرولیم میں 40 فیصد ایکویٹی شئیرز حاصل کئے۔ بعد ازاں سعودی گروپ، میسرز وافی انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ نے شیل پاکستان لمیٹڈ کی 77.42 فیصد شیئر ہولڈنگ اور کنٹرول حاصل کیا۔ یہ ٹرانزیکشن پاکستان کے توانائی کے شعبے میں دنیا کی بڑی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہیں۔
گیُن وَر گروپ، اجناس کی تجارت کرنے والی دنیا کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے جو کہ ٹریڈنگ اور لاجسٹکس میں وسیع تجربہ کی حامل ہے۔ گین ور کا کماڈٹی ٹریڈنگ اور لاجسٹکس کا وسیع تجربہ ذیلی کمپنی، ایکواشور کو اسٹریٹجک سپورٹ فراہم کرے گا جبکہ ٹوٹل پارکو پاکستان لمیٹڈ ، فیول کی رٹیل فروخت کے اسٹیشنوں کا ایک وسیع نیٹ ورک آپریٹ کرتا ہے۔ کمپٹیشن کمیشن نے مذکورہ ٹرانزیکشن کے لیے متعلقہ مارکیٹ کی تعریف ’ریٹیل فیول، آٹوموٹیو لبریکنٹس، اور انڈستڑیل لبریکنٹس ‘ کے طور پر کی ہے۔
یہ ٹرانزیکشن پاکستان کی توانائی اور آٹوموٹیو سیکٹرز میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مثبت رجحان کو ظاہر کرتا ہے۔ امید ہے، دونوں کمپنیوں کے اشتراک سے آٹوموٹیو اور انڈسٹریل لبریکنٹس کی پراڈکٹ کی مارکیٹ میں جدت اور صارفین کو سروسز کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔