راولپنڈی۔عمران خان نے جی ایچ کیو حملہ کیس سے متعلق اہم دستاویز پر دستخط کرتے ہوئے وصول کر لی۔تفصیلات کے مطابق، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ اڈیالہ جیل پہنچے، جہاں تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو جی ایچ کیو حملہ کیس کا انسپکشن نوٹ پیش کیا گیا۔
انسپکشن نوٹ کی حوالگی کے دوران وکلائے صفائی نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ دستاویز پہلے سے جمع کرائی گئی دستاویزات کا حصہ نہیں تھی اور اس میں تبدیلی کی گئی ہے۔ وکلاء کا دعویٰ تھا کہ ملزمان کی فہرست میں عمران خان کا نام شامل نہیں تھا، جس سے یہ دستاویز مشکوک معلوم ہوتی ہے۔
اس کے باوجود، عمران خان نے نئے انسپکشن نوٹ کو دستخط کے ساتھ وصول کر لیا۔
یہ بھی واضح رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں 25 نومبر کو ملزمان پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔ اس مقدمے میں 23 افراد کو اشتہاری قرار دے کر ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں شہباز گل، مراد سعید، حماد اظہر اور ذلفی بخاری کے نام شامل ہیں۔جی ایچ کیو حملہ کیس میں مجموعی طور پر 120 ملزمان عدالتی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔