کینبرا۔تین میچز کی سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دے کر 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
گابا کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے اس میچ میں، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے بارش کی وجہ سے کم ہو کر 7 اوورز پر مشتمل میچ میں پاکستان کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے۔
کینگروز نے ابتدا ہی سے تیز کھیل کا مظاہرہ کیا، تاہم اوپنرز تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں جلد وکٹیں گنوا بیٹھے۔ جیک فریزر میک گرک صرف 9 اور میٹ شارٹ 7 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے باوجود، گلین میکسویل نے 19 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 43 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
دیگر کھلاڑیوں میں ٹم ڈیوڈ 10 رنز پر آؤٹ ہوئے، لیکن مارکس اسٹونیس نے 21 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ نسیم شاہ اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 7 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان 8، عثمان خان 4، بابراعظم 3، آغا سلمان 4 اور کپتان محمد رضوان و عرفان خان نیاری بغیر کسی اسکور کے پویلین واپس لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے حسیب اللہ خان نے 12، شاہین آفریدی نے 11 اور عباس آفریدی نے 20 رنز کی مزاحمت کی۔
آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ اور نتھین ایلس نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ اسپینسر جانسن اور ایڈم زمپا نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل، برسبین میں شیڈول اس سیریز کے پہلے ٹی20 میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ہونا تھا، لیکن بارش کی وجہ سے ٹاس میں تاخیر ہوئی۔ یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے بارش اور طوفانی ہواؤں کی پیشگوئی کی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ 7 اوورز تک محدود رہا، اور پاور پلے صرف 2 اوورز پر مشتمل تھا۔ اس کے علاوہ، ایک بولر زیادہ سے زیادہ 2 اوورز کروا سکا۔
دوسری جانب، پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ اوورکاسٹ کنڈیشنز کی وجہ سے انہوں نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاکہ ابتدائی اوورز میں کینگروز کی جلد وکٹیں حاصل کی جا سکیں۔
آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ اگر ان کی ٹیم ٹاس جیتتی تو وہ بھی پہلے فیلڈنگ کرتے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی آخری ملاقات 2022 میں لاہور میں ہوئی تھی، جہاں کینگروز نے فتح حاصل کی تھی۔ پاکستان نے آسٹریلیا میں اب تک 4 ٹی20 میچز کھیلے ہیں، جن میں سے 3 میں اسے شکست ہوئی جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا تھا۔