اسلام آباد ۔پاکستان کے طیب اکرام کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (آئی ایچ ایف) کے لیے آٹھ سال کی مدت کے لیے صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔
فیڈریشن نے طیب اکرام کی صدارت کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے اور ان کی چار سالہ مدت کو بڑھا کر آٹھ سال کی توسیع کی منظوری دے دی گئی ہے۔
طیب اکرام کے بلامقابلہ منتخب ہونے کا اعلان مسقط، عمان میں ایف آئی ایچ کی کانگریس اجلاس میں کیا گیا۔
طیب اکرام لاہور سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ 2035 تک انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
اس سے قبل نریندر بٹرا کے مستعفی ہونے پر طیب اکرام دو سال تک صدر کے فرائض انجام دے چکے تھے، اور اب ان کی مدت مکمل ہونے پر دوبارہ ایف آئی ایچ کے انتخابات ہوئے، جن میں طیب اکرام کے مقابلے میں کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا۔
طیب اکرام نے اس کامیابی پر کہا کہ ہاکی ورلڈ کی صدارت ایک بڑا اعزاز ہے، اور اب انہیں ہاکی کی ترقی کے لیے پہلے سے زیادہ خدمات فراہم کرنے کا موقع ملے گا، جس میں جو کچھ بھی ممکن ہوگا، وہ کرنے کی کوشش کریں گے۔