اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور چینی وزیراعظم کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں چینی وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور خوشحالی کی حمایت کرتا رہے گا۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آئے چینی وزیراعظم لی چیانگ کے اعزاز میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے ظہرانہ دیا۔ اس دعوت میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔
صدر مملکت اور چین کی ریاستی کونسل کے وزیراعظم لی چیانگ کے درمیان ملاقات کے دوران، پاکستان اور چین نے معیشت، سرمایہ کاری، اور علاقائی روابط جیسے اہم شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ دونوں ممالک نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر عمل درآمد کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے اچھے بھائی، پڑوسی، شراکت دار اور دوست ہیں۔ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں پاک چین اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا ہوگا۔ انہوں نے صدر آصف علی زرداری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے عالمی چیلنجز کے باوجود ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھی ہے۔ لی چیانگ نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین اپنی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم لی چیانگ نے سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ چین پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے چینی کمپنیوں کی مدد فراہم کرتا رہے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک چین تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔
چینی وزیراعظم نے “ون چائنا” پالیسی، تائیوان، تبت، ہانگ کانگ، سنکیانگ، اور بحیرہ جنوبی چین جیسے تمام بنیادی مسائل پر چین کی مضبوط حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور خوشحالی کی حمایت جاری رکھے گا۔