لندن۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اعتراضات کے بعد 2025 چیمپئنز ٹرافی کے ٹرافی ٹور کو اسکردو، مری، اور مظفرآباد میں لے جانے کا منصوبہ منسوخ کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، آئی سی سی نے یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ ٹرافی ٹور شیڈول پر بھارتی اعتراضات کے بعد کیا۔ پی سی بی نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ یہ ٹرافی ٹور 16 سے 24 نومبر کے دوران مختلف شہروں میں ہوگا، لیکن آئی سی سی نے شیڈول میں شامل اسکردو اور کشمیر کے علاقوں کو نکال دیا۔
یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہ آنے کے معاملے پر دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔ آئی سی سی نے پی سی بی کو آگاہ کیا ہے کہ بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے خدشات برقرار ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارتی ٹیم کے فیصلے کی وجوہات جاننے کے لیے آئی سی سی کو ای میل کے ذریعے تحریری وضاحت طلب کی ہے۔ اس پیش رفت نے کھیلوں کی سیاست کو ایک بار پھر مرکزِ نگاہ بنا دیا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کے لیے ایک اہم موقع ہے۔