قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم کی سالگرہ پر شاہین آفریدی نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
کپتانی کے حوالے سے شاہین شاہ آفریدی اور بابراعظم کے درمیان اختلافات کی خبروں کے بیچ فاسٹ بولر نے اپنے سابق کپتان کو سالگرہ پر مبارکباد کا پیغام دے کر مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بدترین شکست کے بعد بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی، اور نسیم شاہ کو اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے، اور انہیں آرام کی غرض سے گھر بھیج دیا گیا ہے۔
بابراعظم آج اپنی 28ویں سالگرہ منا رہے ہیں، جبکہ انہیں اسکواڈ سے ڈراپ کرنے پر سابق کرکٹرز اور تجزیہ کاروں نے بورڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب، شاہین آفریدی نے سوشل میڈیا پر بابراعظم کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے آنے والے سال کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یہ یاد رہے کہ 2023 ون ڈے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد بابراعظم سے تینوں فارمیٹ کی کپتانی لے لی گئی تھی، جس کے بعد شان مسعود کو ٹیسٹ اور شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 کا کپتان نامزد کیا گیا۔ تاہم، یہ فیصلہ زیادہ دیر تک نہیں چل سکا، اور ایک سیریز میں شکست کے بعد بابراعظم کو دوبارہ ذمہ داریاں سونپ دی گئیں، جس کے نتیجے میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔