اسلام آباد ۔آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کے خلاف درخواست کو آئینی بینچ میں سماعت کے لیے مقرر کر لیا گیا۔
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کے خلاف درخواست پر سماعت کے لیے تاریخ مقرر کر دی ہے۔ اس درخواست کی سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ 20 نومبر کو کرے گا۔
آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کے خلاف یہ درخواست محمود اختر نقوی نے دائر کی تھی۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے سروسز چیفس کی مدت ملازمت پانچ سال کرنے کی منظوری دی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آرمی ایکٹ میں ترمیم کے لیے بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی اجازت دی گئی تھی، جس کے ذریعے تمام سروسز چیفس کی مدت بڑھا کر پانچ سال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بعد ازاں، قومی اسمبلی اور سینیٹ نے بھی سروسز چیفس کی مدت ملازمت میں اضافے کے بل کو کثرت رائے سے منظور کر لیا تھا۔