اسلام آباد۔پاکستان اور ملائیشیا نے دوطرفہ تعلقات اور تجارت کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انور ابراہیم کی خدمات اس حوالے سے اہم ہیں۔اسلام آباد میں ملائیشین ہم منصب داتو انور ابراہیم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعاون اور علاقائی مسائل پر گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں اور ملائیشین وزیراعظم کی خدمات ان تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملائیشین وزیراعظم نے عوامی حقوق کے لیے جیل کی صعوبتیں برداشت کیں، اور دونوں ممالک مل کر سرمایہ کاری میں تعاون کریں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے ملائیشیا کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، جو قابل تقلید ہے۔ کرپشن کے خلاف آپ کی جدوجہد ایک مثالی نمونہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام غزہ کے مظلوم لوگوں کے ساتھ ہیں، اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیلی ظلم و ستم کی سخت مذمت کی اور فوری جنگ بندی کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
ملائیشین وزیراعظم داتو انور ابراہیم نے وزیراعظم شہباز شریف کا اردو میں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی محبت اور مہمان نوازی کے لیے شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا پاکستان کا دوست ہے اور علامہ اقبال کی شاعری میرے دل کے قریب ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر بھی گفتگو کی۔ملائیشین وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاک ملائیشیا تعلقات کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کریں گے، اور مختلف شہروں کے دوروں پر ملنے والی محبت قابل ستائش ہے۔