تل ابیب ۔اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے حالیہ پیغام میں ایران کے عوام سے براہ راست بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اُن کے ساتھ ہے اور وہ جلد آزادی حاصل کریں گے۔
نیتن یاہو نے اپنے ویڈیو پیغام میں ایرانی شہریوں سے کہا کہ آپ کی حکومت روزانہ یہ دعویٰ کرتی ہے کہ لبنان اور غزہ کا تحفظ کرے گی، لیکن ہر گزرتے دن کے ساتھ خطے کو مزید جنگ اور تباہی کی طرف دھکیل دیا جا رہا ہے۔
نیتن یاہو نے اپنے ویڈیو میں بیان کیا کہ ایران کی حکومت اپنے عوام کو ہر روز زیادہ سے زیادہ مایوسی کی طرف لے جا رہی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ایرانی عوام بھی جانتے ہیں کہ ان کی حکومت ان کی حفاظت اور ترقی کے بارے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ اگر وہ واقعی سنجیدہ ہوتی تو اربوں ڈالر مشرقِ وسطیٰ کو جنگ کی آگ میں جھونکنے کے لیے خرچ نہ کرتی۔
نیتن یاہو نے ویڈیو پیغام میں یہ بھی کہا کہ اگر ایرانی حکومت واقعی مخلص ہوتی تو جنگ کی بجائے صحت اور تعلیم پر سرمایہ کاری کرتی اور اپنے عوام کے حالات کو بہتر بنانے پر توجہ دیتی۔