نیو یارک ۔امریکا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مظاہرین سے پرامن احتجاج اور تشدد سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے، جبکہ حکومت پاکستان پر بھی زور دیا ہے کہ وہ انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کا احترام کرے۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب پی ٹی آئی کا احتجاجی قافلہ، جس کی قیادت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی کر رہے ہیں، اسلام آباد کی جانب روانہ ہے۔ اس دوران متعدد مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
آج محکمہ خارجہ کی بریفنگ میں ترجمان میتھیو ملر سے پی ٹی آئی کے احتجاج اور پولیس کے ساتھ مبینہ جھڑپوں کے حوالے سے سوال کیا گیا۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ امریکا پاکستان اور دنیا بھر میں آزادی اظہار، پرامن اجتماع اور تنظیم سازی کی حمایت کرتا ہے۔
میتھیو ملر نے مزید کہا کہ ہم مظاہرین سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ پرامن طریقے سے احتجاج کریں اور تشدد سے گریز کریں۔ ساتھ ہی، انہوں نے پاکستانی حکام سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کا احترام کریں اور پاکستانی قوانین اور آئین کی پاسداری کو یقینی بنائیں، کیونکہ ان کا کام امن و امان کو برقرار رکھنا ہے۔