حافظ آباد۔ ایک افسوسناک واقعہ میں حافظ آباد کے رہائشی ڈاکٹر علی حیدر زمان کو ان کے آبائی گھر لالکے تارڑ کے باہر دو نامعلوم مسلح افراد نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ ڈاکٹر علی حیدر زمان کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ حافظ آباد سے واپس آئے اور اپنی گاڑی گھر کے باہر کھڑی کی۔ گاڑی سے اترتے ہی دو مسلح افراد موٹر سائیکل پر آئے، انہیں گریبان سے پکڑا اور گالی گلوچ شروع کر دی۔ اس کے بعد انہوں نے بندوق ان کے جسم کے ساتھ لگا کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
ڈاکٹر علی حیدر زمان نے خوف کے عالم میں شور مچایا، جس سے اہلِ علاقہ جمع ہو گئے۔ لوگوں کو آتا دیکھ کر ملزمان نے ڈاکٹر علی حیدر کو دھکا دے کر زمین پر گرا دیا اور اسلحہ لہراتے ہوئے اور مزید دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔
واقعے کے بعد وینکے تارڑ پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کروا دی گئی ہے، جس میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور ان کے خلاف فوری کاروائی کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ ڈاکٹر علی حیدر زمان اور ان کے خاندان کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔