ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں انتظامیہ نے غیرقانونی تجاوزات کے بہانے 25 سال قبل تعمیر کی گئی مسجد کے ایک حصے کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ممبئی میں میونسپل ادارے کے اہلکاروں نے بغیر کسی نوٹس کے سبحانیہ مسجد کو منہدم کرنے کے لیے مشینری کے ساتھ وہاں پہنچ گئے۔
اس پر علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی اور بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے۔ انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور متعصبانہ اقدام کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
مسجد کے امام اور کمیٹی نے تعمیرات سے متعلق تمام دستاویزات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، مگر انتظامیہ نے ان کی ایک نہ سنی اور مسجد کے ایک حصے کو مسمار کر دیا۔
اس واقعے سے مسلمانوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ اپوزیشن جماعت کانگریس کی ہندو رکن اسمبلی ورشا سنگواڈ بھی مسلمانوں کی حمایت میں سامنے آئیں۔
ورشا سنگواڈ نے مسلم آبادی کو یقین دلایا کہ انہوں نے صوبے کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے سے مداخلت کی درخواست کی ہے، جس پر انہوں نے مسجد کی مزید مسماری کو فی الحال روکنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے احکامات کے باوجود میونسپل ادارے کے اہلکار اپنی مشینری کے ساتھ چلے تو گئے، لیکن انہوں نے 8 روز بعد دوبارہ آنے کی دھمکی دی ہے۔