لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت کو دھرنا معاہدے سے فرار کا راستہ اختیار کرنا مہنگا پڑے گا، اور انہیں معاہدے پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔
لاہور سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں کا گھناؤنا کردار اب واضح ہو رہا ہے، اور جماعت اسلامی نے دھرنا ختم نہیں بلکہ مؤخر کیا ہے۔
لیاقت بلوچ نے سابق وزرائے اعظم ذوالفقار علی بھٹو، نواز شریف اور عمران خان کی پاپولرٹی سیاست کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ملک کو زہریلی پولرائزیشن میں مبتلا کر دیا ہے، اور سیاسی جماعتوں کی غیر منظم صورتحال اسٹیبلشمنٹ کے لیے آسانی پیدا کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے جلسوں میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششیں آمرانہ روش کی علامت ہیں، جبکہ ملک بھر میں لاپتا افراد کا مسئلہ انتہائی خطرناک صورت حال اختیار کر چکا ہے۔