اسلام آ باد۔ پاکستان میں 2030 تک 50 فیصد گاڑیوں تک کو کسی نہ کسی شکل میں الیکٹرک چارجنگ فراہم کی جائے گی، حکومت نے الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنوں کے لئے سستی بجلی فراہم کرنے پر غور کر دیا ، وزارت توانائی نے ان کے لئے معیارات کا مسودہ تیار کرنا شروع کردیا ہے، پاکستان کی نقل و حمل کی صنعت کو مجموعی طور پر ڈی کاربنائز کرنے کے حصول کے لیے تقریبا 57 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ چینی کمپنی بی وائی ڈی اور پاکستانی آٹو گروپ میگا موٹرز کے مشترکہ منصوبے بی وائی ڈی پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ 2030 تک پاکستان میں فروخت ہونے والی تمام گاڑیوں میں سے 50 فیصد تک کو عالمی اہداف کے مطابق کسی نہ کسی شکل میں الیکٹرک چارجنگ فراہم کی جائے گی۔ گزشتہ ماہ ہی بی وائی ڈی نے پاکستانی مارکیٹ میں داخلے کا اعلان کیا ، بی وائی ڈی پاکستان نے فروخت کے لیے تین ماڈلز متعارف کرائے اور ساتھ ہی 2026 کے اوائل میں ملک میں اسمبلی پلانٹ کھولنے کا منصوبہ بھی بنایا۔