پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ روبینہ اشرف نے حالیہ ایک پروگرام میں سوشل میڈیا کی طاقت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج تلوار اور قلم سے زیادہ اثر و رسوخ سوشل میڈیا میں ہے۔
انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ آج کل لوگ اپنے کام کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے بیانات کی بنیاد پر شہ سرخیوں میں آتے ہیں، کیونکہ سوشل میڈیا نے سب کچھ بدل دیا ہے۔ ان کے مطابق، لوگ اب با آسانی وہ سب کہہ دیتے ہیں جو ان کے دل میں ہوتا ہے، اور اس کے صحیح استعمال کی ضرورت ہے۔
روبینہ اشرف نے اقربا پروری کے موضوع پر بھی روشنی ڈالی، بتاتے ہوئے کہا کہ شوبز شخصیات کے بچے اسی ماحول میں پروان چڑھتے ہیں، جس کی وجہ سے اقربا پروری کا ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اپنی بیٹی، اداکارہ مینا طارق، کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر موقع ملا تو وہ اپنی بیٹی کے ساتھ کام کرنا چاہیں گی، کیونکہ مینا انہیں اور ان کی دوستوں کو دیکھ کر ہی بڑی ہوئی ہے۔