کراچی: سندھ حکومت نے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کے عمل میں بائیو میٹرک تصدیق کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد عوامی خدمات میں شفافیت اور ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دینا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اس نئے اقدام کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ تمام نئی اور پرانی گاڑیوں کی رجسٹریشن یا ٹرانسفر کے دوران بائیو میٹرک تصدیق کرنا ضروری ہوگی۔ نئی پالیسی کو تین مرحلوں میں نافذ کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں، یکم جولائی سے نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کے وقت بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں، یکم نومبر سے گاڑی خریدنے والوں کی بائیو میٹرک تصدیق ہوگی، اور تیسرے مرحلے میں، گاڑی فروخت کرنے والے اور خریدنے والے دونوں کی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ عوامی خدمات میں ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے ترقی کی جائے، اور بائیو میٹرک تصدیق گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر میں شفافیت کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔
انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے خریداروں اور فروخت کنندگان کی شناخت کو یقینی بنایا جائے گا، گاڑیوں کی غیر قانونی منتقلی کو روکا جائے گا، اور شہریوں کو دھوکہ دہی سے محفوظ رکھا جائے گا۔ گاڑیوں کے مالکان بائیو میٹرک تصدیق کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے نادرا ای سہولت مراکز یا کسی بھی ڈسٹرکٹ ایکسائز آفس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔