لاہور: مشہور پاکستانی ٹک ٹاکر علی خان، جنہیں علی حیدرآبادی کے نام سے جانا جاتا ہے، کا 20 ملین فالوورز والا ٹک ٹاک اکاؤنٹ اچانک بند ہو گیا ہے۔
علی حیدرآبادی ٹک ٹاک کی دنیا میں اپنی خاص شناخت رکھتے ہیں، جس کی وجہ ان کا منفرد چلنے کا انداز تھا۔ وہ لال رنگ کے شیشے والے چشمے لگا کر اور پینٹ اونچی کر کے ایک خاص انداز میں چلتے تھے، جس نے انہیں جلد ہی مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔ ان کے فالوورز کی تعداد 20 ملین تک پہنچ چکی تھی، جو ان کے منفرد انداز کی بدولت ممکن ہوا۔
علی حیدرآبادی نے ٹک ٹاک کے علاوہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم، جیسے فیس بُک، انسٹاگرام، اور یوٹیوب چینل بھی بنائے ہیں، جو ان کے ذریعہ معاش کا اہم حصہ ہیں۔ تاہم، اب ان کا یہ اہم ذریعہ معاش اچانک ختم ہو گیا ہے۔
حال ہی میں، علی حیدرآبادی کی اہلیہ زینب نے ایک یوٹیوب ویڈیو میں اشک بار ہو کر بتایا کہ ان کے شوہر کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بغیر کسی انتباہ کے بند ہو گیا ہے، جس پر 20 ملین سے زائد فالوورز تھے۔ زینب نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ٹک ٹاک پر ہیش ٹیگ ‘اَن بین علی حیدرآبادی اکاؤنٹ’ لگا کر ان کی ویڈیو کو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں تاکہ جلد از جلد اکاؤنٹ بحال ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “ہماری مدد کریں کیونکہ ٹک ٹاک ہی ہماری کمائی کا ذریعہ ہے۔”
دوسری جانب، علی حیدرآبادی نے اپنے پرانے اکاؤنٹ کی بندش کے بعد ایک نیا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بنا لیا ہے، جسے اب تک تقریباً 38 ہزار صارفین فالو کر چکے ہیں۔