راولپنڈی ۔کُرم کی صورتحال پر ہونے والے گرینڈ جرگے میں فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا۔
کوہاٹ میں منعقدہ جرگے کے دوران دونوں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے۔ معاہدے کے تحت دونوں فریقین بھاری ہتھیار حکومت کے حوالے کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ کمشنر کوہاٹ آفس آج اس معاہدے کے حتمی فیصلے کا اعلان کرے گا۔
جرگہ ممبران کی تعداد مکمل نہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ روز معاہدے پر دستخط ممکن نہیں ہو سکے تھے۔ تاہم اب دونوں فریقین معاہدے کے کئی نکات پر متفق ہو چکے ہیں۔
گزشتہ روز کوہاٹ فورٹ میں ہونے والے جرگے میں مختلف نکات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ جرگے کی سربراہی کمشنر کوہاٹ معتصم باللہ کر رہے تھے۔ انتظامیہ کے مطابق، علاقے میں بھاری اسلحے کی موجودگی کے باعث سڑکیں کھولنا خطرناک ہو سکتا ہے، جس پر فریقین سے اسلحہ حوالے کرنے کی شرط رکھی گئی ہے۔
ضلع بھر میں ہیلی کاپٹر سروس جاری ہے، جس کے ذریعے ادویات اور دیگر ضروری سامان کُرم پہنچایا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے یہ اقدام اس وقت تک جاری رہے گا جب تک علاقے میں امن و امان بحال نہیں ہو جاتا۔