اسلام آباد۔چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے لیے اراکین پارلیمان کی فہرست سپریم کورٹ ارسال کیے جانے کے بعد چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس اگلے ہفتے طلب کرلیا گیا۔
جوڈیشل کمیشن اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق کمیشن کا اجلاس منگل 5 نومبر کو دن دو بجے سپریم کورٹ میں ہوگا اور چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی جوڈیشل کمیشن اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے سیکریٹریٹ کے قیام، آئینی بینچز کے لیے ججوں کی نامزدگی پر غور ہوگا اور آئینی بنچ کے موسٹ سینئر جج بھی جوڈیشل کمیشن کے ممبر ہوں گے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس امین الدین خان شریک ہوں گے۔
اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ، نمائندہ پاکستان بار کونسل اختر حسین اور اراکین پارلیمان میں سینیٹر فاروق ایچ نائیک، سینیٹر شبلی فراز، عمر ایوب اور شیخ آفتاب احمد کے علاوہ روشن خورشید بروچہ شرکت کریں گی۔
قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی جماعتوں کی جوڈیشل کمیشن میں نامزدگی کرکے فہرست کمیشن کو بجھوا دی تھی، جوڈیشل کمیشن کے لیے قومی اسمبلی سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور مسلم لیگ (ن) کے شیخ آفتاب، سینیٹ سے جوڈیشل کمیشن کے لیے سینیٹر فاروق ایچ نائیک اور سینیٹر شبلی فراز کو نامزد کیا گیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے خاتون نشست پر روشن خورشید بروچہ کو نامزد کیا ہے۔