اسلام آباد ۔وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی وی کے اندر مافیا بیٹھے ہوئے تھے، یہ لوگ گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کر رہے تھے، کسی کرپٹ عناصر کو برداشت نہیں کیا جائے گا، میری خواہش ہے کہ پی ٹی وی میں ہائی کوالٹی ہیومن ریسورس آئے،ماضی میں پی ٹی وی کا ایک مقام تھا۔
پاکستانی ٹیلی ویژن کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی وی میں معاملات درست نہ کر سکا تو اپنے آپ کو ناکام تصور کروں گا،پی ٹی وی میں اچھے لوگ بھی موجود ہیں، محنتی افراد کو آگے نہیں آنا دیا جاتا، جب بھی پی ٹی وی میں اصلاحات کی بات ہوئی ہے وزیر اطلاعات کے خلاف خبریں لگا دی گئیں، میں نے کبھی کسی قسم کا سیاسی دباؤ قبول نہیں کیا، پی ٹی وی میں اصلاحات میرا مشن ہے، پی ٹی وی کو اس مقام پر واپس لانا ہے جس پر وہ کبھی ہوا کرتا تھا، عوام کے ٹیکس کا پیسہ ضائع نہیں ہونے دیں گے
پی ٹی وی میں 14 ایسے لوگ تھے جو صرف گھر بیٹھ کر تنخواہیں وصول کرتے تھے، پی ٹی وی پر اپوزیشن کو کوریج دینا چاہتے ہیں، کچھ لوگ ہماری خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تنقید جمہوریت کا حسن ہے، پی ٹی وی میں نئے انداز سے نئی سکرین متعارف کروائی ہے،پی ٹی وی میں پنشنرز کا مسئلہ موجود ہے، پی ٹی وی میں فنانس، سیلز اینڈ مارکیٹنگ کے شعبوں میں بہتری لانی ہے، ہٹ دھرمی کے کلچر کو ختم کرنا ہے،پی ٹی وی کے ہر شعبے میں بہتری کے لئے کوشاں ہیں، فنانس اور سیلز والوں کو سیدھا کرنا ہے، ادارے میں ڈکیتی اور لوٹ مار کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی،اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس مشکل کام میں رہنمائی فرمائے، پی ٹی وی کو ٹھیک کر کے جاؤں گا، یہ میرا مشن ہے۔