اسلام آبا د۔وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، معیشت کو مزید تقویت ملے گی، پاکستان کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، مہنگائی 6.9 فیصد پر آ گئی ہے، ریکارڈ ترسیلات پاکستان میں آئیں، شرح سود میں کمی ہوئی ہے۔
جمعہ کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاترڑ نے کہا کہقطر نے پاکستان کے حوالے سے نمائش کا انعقاد کیا،پاکستانی فنکاروں، مصوروں کو اس نمائش میں مدعو کیا گیا، 1947ئ سے اب تک کے پاکستان کے فن اس نمائش میں پیش کئے گئے، نمائش کے انعقاد پر امیر قطر اور ان کی ہمشیرہ کے مشکور ہیں،اس نمائش کے انعقاد سے پاکستان کی عزت افزائی ہوئی،دنیا بھر سے آئے ہوئے لوگوں نے پاکستانی فن پاروں کو سراہا
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ امیر قطر اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان غیر روایتی گرم جوشی دیکھنے میں آئی،قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، اس سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت کو مزید تقویت ملے گی، پاکستان کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، مہنگائی 6.9 فیصد پر آ گئی ہے، ریکارڈ ترسیلات پاکستان میں آئیں، شرح سود میں کمی ہوئی ہے
عطاتارڑ نے کہا کہ خارجہ محاذ پر پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا ہے، دوست ممالک کی طرف سے سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، شہباز شریف کا اکنامک ایجنڈا تیزی سے پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے، پاکستان 24 سال بعد فسکل سرپلس میں گیا ہے،قطر پاکستان میں توانائی، معدنیات، آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرے گا، قطر کا وفد جلد پاکستان آئے گا
وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں غیر سنجیدہ حکومت ہے، وہ کبھی بھاگتے ہیں، کبھی چھپتے ہیں، یہ کرتب کتنی دیر چلیں گے؟صحت، تعلیم، اصلاحات کے حوالے سے انہوں نے کیا اصلاحات کیں؟عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کیا اقدامات اٹھائے، یہ نظر نہیں آ رہے،بہت جلد عوام ان کا گریبان پکڑیں گے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے طالبان کو واپس لا کر بسایا،امن و امان اور دہشت گردی کی کارروائیوں پر ان کی کوئی توجہ نہیں ہے، خیبر پختونخوا میں سویلین اور فوجی جوان شہید ہو رہے ہیں، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ صوبائی معاملات کو چلانے کیلئے اہل نہیں ہیں، سیکورٹی کے حوالے سے وزیراعظم کی بھرپور توجہ ہے
دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم دہشت گردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہیں،دہشت گردی کے واقعات میں وقت کے ساتھ کمی واقع ہوگی،دہشت گردی کے خاتمے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی، خیبر پختونخوا کے عوام کو ان کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔