پشاور: خیبرپختونخوا کے پی ایچ ڈیز، ایم فل اور ماسٹر ڈگری ہولڈرز نے نوکریاں نہ ملنے کے باعث کلاس فور کی آسامیوں کے لیے درخواستیں دینا شروع کر دی ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی احسان اللہ میاخیل نے اس معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس خیبرپختونخوا اسمبلی میں جمع کرایا ہے۔ انہوں نے اپنی درخواست میں بتایا کہ ڈی آئی خان میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم میں کلاس فور کی آسامیوں کے لیے متعدد پی ایچ ڈی، ایم فل اور سینکڑوں ماسٹر ڈگری ہولڈرز سمیت ہزاروں نوجوانوں نے درخواستیں جمع کی ہیں۔
احسان اللہ میاخیل نے کہا کہ ایک طرف حکومت نے صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے، تو دوسری طرف نوجوانوں کے مستقبل کی فکر نہ کرنا ایک لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت پی ایچ ڈی اور ایم فل کے فارغ ہونے والے نوجوانوں کے لیے مناسب وظیفہ یا بے روزگاری الاؤنس جاری کرے، تاکہ وہ مایوسی سے بچ سکیں اور ان کا مستقبل محفوظ ہو سکے۔