اسلام آباد۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینا ہے،جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا،پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ،بیماری کے خاتمے کیلئے وفاق اور صوبے مل کر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے وفد نے ملاقات کی۔وفد میں بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندہ کرسٹوفر ایلیاس،عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی ، یونیسیف روزا کے ریجنل ڈائریکٹر سنجے وجیسیکارا ، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کی ڈپٹی ڈائریکٹر اینڈریا فرسٹڈٹ،روٹری فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی و نیشنل چیئر عزیز میمن، کنگ سلمان ہیومنیٹیرین اینڈ ریلیف سینٹر کے ڈاکٹر زیاد میمش اور کے ایس ریلیف کے ہیلتھ و انوائرمنٹل ایڈوائزر ڈاکٹر عبداللہ صالح کے شامل تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم کے کوآرڈنیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی ۔ وزیراعظم نے پاکستان آمد اور پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں حکومت پاکستان کا ساتھ دینے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کنگ سلمان فاؤنڈیشن ، بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن ، روٹری فاؤنڈیشن ، یونیسیف اور سی ڈی سی کا شکریہ ادا کیا جو کہ انسداد پولیو مہم میں حکومت پاکستان کے ساتھ شریک ہیں،ان تمام تنظیموں کا کردار انسداد پولیو مہم میں عالمی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے،جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے،پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور وفاق اور تمام صوبے مل کر انسداد پولیو کے خلاف اقدامات اٹھا رہے ہیں۔وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تمام وزرا اعلی و چیف سیکرٹریز کی کارکردگی کی تعریف کی۔
وفد نے انسداد پولیو کے حوالے سے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔بل اینڈ میلینڈا گیٹس کے نمائندے ڈاکٹر کرسٹوفر ایلیاس نے کہا کہ پاکستان کی انسداد پولیو کی موجودہ حکمت عملی پر بہتر طریقے سے عملدرآمد ہو رہا ہے جس کے نتائج میکرو سطح پر نظر آنا شروع ہو گئے ہیں،جلد ہی پولیو کیسز میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر حنان بلخی نے کہا کہ صحت عامہ کے حوالے سے خطے کے ممالک کو روابط بہتر کرنے اور اس حوالے سے ڈائیلاگ شروع کرنے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں انسداد پولیو کے حوالیسے حکومتی کوششوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر حال ہی میں ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران وزارت قومی صحت اور انسداد پولیو پروگرام سے متعلقہ افسران نے پولیو سے متاثرہ دور دراز علاقوں کا دورہ کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر حالیہ انسداد پولیو مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا گیا ہے،جن بچوں میں پولیو کی تشخیص ہوئی ہے ان کی نگہداشت کی جا رہی ہے۔ملک کے جن علاقوں میں بچوں میں پولیو ویکسینیشن کی شرح بہتر ہے وہاں پولیو کا پھیلاؤ کم ہے۔