لاہور: وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ سموگ کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کر دیے جا رہے ہیں۔ یہ فیصلہ اضلاع سے موصول ہونے والی شکایات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیمی نقصان کا اندازہ ہے، مگر بچوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کو بند کرنا مجبوری بن گیا ہے۔ یہ قدم بچوں کو سموگ کے مہلک اثرات سے بچانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ سموگ کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کریں اور اپنی گاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنائیں۔
سموگ کے اثرات کم کرنے اور عوام و بچوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے اپنی سطح پر اقدامات کیے ہیں۔ عوام سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ حکومت کا ساتھ دیں اور جو کام ان کے بس میں ہے، وہ ضرور کریں، اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ آن لائن تعلیم میں درپیش مشکلات کے پیش نظر متبادل حکمت عملی پر کام جاری ہے، جس کے تحت جلد مناسب لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 17 نومبر تک بند رہیں گے۔