اسلام آباد۔ سی پیک کے تحت 2 کھرب 76 ارب روپے کی لاگت سے جاری گیارہ ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بلوم پاکستان اردو کو حاصل ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، رواں سال کے دوران 146 ارب روپے کے پانچ ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان میں سے تین منصوبے جن کی مجموعی لاگت 31 ارب روپے سے زیادہ ہے، آئندہ سال تک مکمل ہوں گے۔ اسی طرح، 32 ارب روپے کی لاگت سے شروع ہونے والی M-8 کی تعمیر 2027 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ مزید برآں، مکھنڈی موسیٰ خیل پر 103 کلومیٹر سی پیک روٹ کی تعمیر جس پر 7 ارب روپے سے زائد خرچ آئے گا، رواں سال مکمل ہوگی۔
سی پیک ٹو کا آغاز ،گوادر نارتھ فری زون سے10میگاواٹ بجلی کی فراہمی شروع
79 ارب 93 کروڑ روپے کی لاگت کا سکی کناری پاور پراجیکٹ بھی رواں سال تکمیل کے مرحلے میں ہے، جبکہ سندھ میں 6 ارب 17 کروڑ روپے کا دھابیجی منصوبہ بھی رواں سال مکمل ہوگا۔
علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی 5 ارب 97 کروڑ روپے کی لاگت سے آئندہ سال مکمل ہوگا، اور ہوشاب آواران خضدار سیکشن M-8، جو 32 ارب 24 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا جا رہا ہے، 2027 تک مکمل ہوگا۔ اب تک، سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالر سے زائد کی لاگت سے 37 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔