فوجیان۔چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے آف شور ونڈ انرجی سیکٹر میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت دیتے ہوئے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے چین کے صوبہ فوجیان کے صوبائی حکام کی دعوت پر چین کے جنوبی شہر فوژو کا پہلا سرکاری دورہ کیا۔ ورلڈ میری ٹائم ایکوئپمنٹ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے سفیر ہاشمی نے قابل تجدید توانائی اور آف شور ونڈ پاور ڈیولپمنٹ میں پاکستان کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔
سائیڈ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ساحلی ملک کی حیثیت سے پاکستان کے اسٹریٹجک فوائد پر روشنی ڈالی اور ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ اس دورے میں اعلی سطحی ملاقاتیں، فوجیان کی شہری اور سمندری ترقی کا دورہ اور پاک چین دوطرفہ فریم ورک کے تحت تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال شامل تھا۔
آف شور ونڈ پاور سپلائی چین کی اعلی معیار کی ترقی کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ہاشمی نے پاکستان کے قدرتی فوائد بشمول 1000 کلومیٹر سے زائد طویل ساحلی پٹی پر زور دیا اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع کی طرف منتقلی کے لئے ملک کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
آف شور ونڈ انڈسٹری میں چین کی تیز رفتار ترقی کا اعتراف کرتے ہوئے سفیر نے ٹیکنالوجی کے تبادلے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ریگولیٹری سپورٹ کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے بڑھتے ہوئے آف شور ونڈ انرجی سیکٹر میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
سفیر ہاشمی نے فوژو کے اعلی حکام سے بھی ملاقات کی جن میں شہر کی اعلی سیاسی رہنما گو ننگ نگ بھی شامل تھیں۔ فریقین نے وسیع تر دوطرفہ فریم ورک کے تحت پاک چین تعلقات کو فروغ دینے اور پاکستان اور فوژو کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سفیر پاکستان نے پاکستانی قیادت کی رہنمائی میں چین کے ساتھ بی ٹو بی تعلقات پر روشنی ڈالی اور دونوں ممالک میں کاروباری اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔گوادر پرو کے مطابق کانفرنس میں شرکت کے علاوہ سفیر ہاشمی نے ورلڈ میری ٹائم ایکوئپمنٹ کانفرنس کا دورہ کیا اور شہری منصوبہ بندی، جہاز سازی اور فوجیان کے ثقافتی اور معاشی منظرنامے پر بریفنگ حاصل کی۔