کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اس سال کے آخر تک ایئرپوڈز کے دو نئے ورژن متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ نئے ایئرپوڈز، ایئرپوڈز 3 کے ساتھ ایئرپوڈز 2 کی جگہ بھی لیں گے۔
بلومبرگ کے مارک گرمین کی رپورٹ کے مطابق، ایپل ایک نیا ایئرپوڈز 4 لانچ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، جو مختلف قیمتوں کے دو ورژن میں دستیاب ہوں گے۔
یہ ایئرپوڈز ایئرپوڈز پرو 2 کے ہم پلہ ہوں گے، جو ایپل کی ایئر بڈز کی رینج میں سب سے اعلیٰ معیار کے ہیں۔
ان ایئرپوڈز کو پچھلے ستمبر میں ہی اپ ڈیٹ کیا گیا تھا، لیکن انہیں آئی فون کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے لائٹننگ پورٹ کے بجائے ایک نئی یو ایس بی-سی چارجنگ سلاٹ دی گئی تھی۔
ایئرپوڈز 3 2021 کے آخر سے مارکیٹ میں موجود ہیں۔ ان کا ڈیزائن ایئرپوڈز پرو سے ملتا جلتا ہے، اور اس میں اسپیشل آڈیو جیسی چند جدید خصوصیات شامل ہیں، لیکن ان میں نوائز کینسیلیشن کا فیچر موجود نہیں ہے۔