لندن۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
جیف ایلرڈائس نومبر 2021 میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو مقرر کیے گئے تھے، جبکہ وہ 2012 سے آئی سی سی کے ساتھ منسلک تھے۔ اس سے قبل وہ کرکٹ آسٹریلیا میں جنرل منیجر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
جیف ایلرڈائس نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے طور پر خدمات انجام دینا ان کے لیے اعزاز کی بات تھی۔ انہوں نے عالمی سطح پر کرکٹ کو فروغ دینے اور آئی سی سی کے رکن ممالک کے لیے کمرشل مواقع پیدا کرنے جیسے کامیاب اقدامات پر فخر کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ 13 سالوں کے دوران آئی سی سی چیئر، بورڈ آف ڈائریکٹرز اور پوری کرکٹ برادری کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ یہ مناسب وقت ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار ہوں۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ جیف ایلرڈائس نے استعفیٰ جے شاہ کے آئی سی سی چیئر کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد دیا۔